ملک کے مختلف حصوں میں بارش جاری ہے جبکہ بالائی حصوں میں وقفے وقفے کے ساتھ برفباری ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر ٹریفک بندہوگئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کی طاقتور لہر ملک کے بیشتر حصوں کو متاثر کر رہی ہے جو آئندہ دو دنوں تک بالائی علاقوں میں موجود رہ سکتی ہے۔بارش کے باعث صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سمیت سیاحتی علاقے مری میں بھی کئی گھنٹوں سے بجلی کا نظام متاثر رہا۔ خیبر پختونخوا میں بھی گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث پشاور ریجن کے 71 فیڈر سے بجلی کی ترسیل متاثر ہے۔ترجمان پیسکو کا کہنا ہے کہ پشاور میں 19، بنوں میں 15، ضلع خیبر میں 17 اور ڈیرہ اسماعیل خان سرکل میں 12 فیڈرز سے بجلی کی ترسیل متاثر ہے جبکہ دیگر سرکلز میں بھی بیشتر فیڈرز ٹرپ ہوئے ہیں۔ترجمان کے مطابق متعدد علاقوں کو متبادل روٹ سے بجلی فراہم کر دی گئی ہے اور بارش کی کمی کے ساتھ ہی بجلی کی بحالی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے کالام اور مالم جبہ میں برف باری کی وجہ سے روڈ ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ اپر دیر اور چترال میں برف ہٹانے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں تیز ہوائوں کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں اور بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔خیبر پختونخوا کے سیاحتی علاقے کالام اور مالم جبہ میں برف باری کی وجہ سے سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
دوسری جانب برفباری کے باعث اپر چترال کا لوئر چترال سے زمینی راستہ منقطع ہو چکا ہے۔حکام نے سیاحوں کو سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مسلسل دو روز سے بارش جاری ہے اور پہاڑوں پر بھی برفباری ہو رہی ہے۔بالائی وادی نیلم، وادی گریس، وادی لیپہ کرناہ، میں برفباری ہوئی ہے جبکہ مظفرآباد کے نواحی پہاڑوں مکڑا، پیر چناسی، پیر ہسی مار اور پیر چیلہ برف سے ڈھک گئے ہیں۔مرکزی پولیس کنٹرول روم مظفر آباد کے مطابق پنجال گلی، شیڑ گلی، وادی لیپہ برفباری کے باعث بند ہیں جبکہ سدھن گلی، لسڈنہ، شیرو ڈھارا، محمود گلی میں برفباری جاری ہے تاہم ہلکی ٹریفک بحال ہے اور برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔مظفرآباد میں کہیں کہیں رابطہ سڑکوں پر مٹی کے تودے گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر، گلت بلتستان، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پوٹھوہار کا علاقہ بشمول اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ24گھنٹوں میں بھی جاری رہے گا۔ دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح کے علاقوں میں بارش جاری رہے گی۔ اسلام آباد میں درجہ حرارت 7 سے 9 سیٹنی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے ۔صوبہ پنجاب کے علاقوں راوالپنڈی، اٹک، جہلم، گجرات، چکوال، میانوالی، منڈی بہا دین اور دیگر علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی ہے۔ جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ادھر سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلودرہنے کا امکان ہے۔ سندھ کے بالائی اضلاع میں چند مقامات پر ہلکی بارش اوربوندا با ندی ہو سکتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی