محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مغربی بلوچستان میں چند مقامات پر با رش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا تاہم بالا ئی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی با رش اور برفباری ہوئی جبکہ مری میں بھی بارش اور ہلکی برفباری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش چار ملی میٹر مالم جبہ میں ہوئی، پٹن 03، میر کھا نی، چترال اور دیر میں 01 ملی میٹر بارش جبکہ مالم جبہ میں 01 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب کراچ موسم سرما کے اختتام کے ساتھ ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہے گا۔ زیادہ سے زیادہ پارہ 34 ڈگری تک جاسکتا ہے ۔ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار خراب ہے، ہوامیں آلودہ ذرات کی مقدار 158 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 4 ماہ کے دوران 40 فی صد کم بارشیں ہونے کے پیش نظر خشک سالی کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کی 52 فی صد کمی کے ساتھ صوبہ سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشیں کم ہونے پر سب سے زیادہ شعبہ زراعت کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے میدانی علاقوں میں خاطر خواہ بارشیں ریکارڈ نہیں کی گئیں، جس کے نتیجے میں یکم ستمبر 2024 سے 15 جنوری کے درمیان معمول سے 40 فی صد کم بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔صوبہ سندھ میں 52، بلوچستان میں 45 اور پنجاب میں 42 فی صد معمول سے کم بارشیں ہوئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم بارشوں کے باعث موسم گرما جلد آنے کا امکان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی