i پاکستان

میں نے مریم نواز سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا، شرجیل میمنتازترین

October 08, 2025

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ میں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا،میرا چیلنج ہے میں اور مریم نواز اپنی نشستیں چھوڑ دیتے ہیں اور دوبارہ الیکشن کراتے ہیں، پتہ چل جائے گا کس نے کام کیا ہے اور کون ٹک ٹاک کی وجہ سے مشہور ہے۔ایک انٹرویو میں شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے کوئی لڑائی اور جھگڑا نہیں ہے، وزیر اعظم شہباز شریف سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی۔شرجیل میمن نے کہا کہ مریم نواز سے معافی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، پنجاب حکومت اپنا کام کرے اور ہمیں اپنا کام کرنے دیں، میں نے ان سے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اور مریم نواز اپنی نشستیں چھوڑ دیتے ہیں اور دوبارہ الیکشن کراتے ہیں، پتہ چل جائے گا کس نے کام کیا ہے اور کون ٹک ٹاک کی وجہ سے مشہور ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پتہ چل جائے گا عارضی شہرت مریم نواز کے ساتھ ہے یا عوام ساتھ ہے، ایک شخص تھا جس نے سندھ کے لئے گری ہوئی باتیں کیں اس کی فوٹیج آئی تھی، عطا تارڑ نے اس شخص کو سرکاری ٹی وی کی نوکری سے نکال دیا پھر اس شخص کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بلایا گیا جہاں اس نے معافی مانگی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی کابینہ، ن لیگ نے اس شخص کے حق میں باقاعدہ مہم چلائی، ایک شخص جو قوم کیلئے گندی زبان استعمال کررہا ہے، ن لیگ اس کا ساتھ دے رہی ہے، ن لیگ اس قسم کے شخص کے ساتھ کھڑے ہوکر کیا پیغام دے رہی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں سیلاب کے باعث برے حالات ہیں، لوگ بہت پریشان ہیں، سیلاب متاثرین سے توجہ ہٹانے کیلئے ن لیگ پنجاب کارڈ کھیل رہی ہے، پیپلزپارٹی نے کہیں بھی پنجاب کی بات نہیں کی، ن لیگ نے کارڈ کھیلا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت سے بات کی تھی پنجاب حکومت سے نہیں ،پی پی رہنما نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں کوئی عزت دار شخص امداد کی بات نہیں کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے تو عالمی سطح پر امداد کی بات کی، کیا مریم نواز اپنی پارٹی کے وزیراعظم خود دار نہیں سمجھتیں۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی جماعت ہے، سندھ کے سرکاری اسپتال روز ہزاروں مریضوں کا مفت علاج کرتے ہیں، ہم ایک ایک منصوبے کی ہر شہر میں تقریب نہیں کرتے، کراچی کی سڑکوں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی اتنا ہی برا ہے تو پورا ملک روزگار کرنے یہاں کیوں آتا ہے، جو صحت کی سہولتیں کراچی میں ہیں پورے ملک میں نہیں، کراچی کی سڑکوں کی مرمت کیلئے میئر نے ٹینڈر کر دئیے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی