i پاکستان

مغربی ہوائوں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل، لاہور سمیت کئی شہروں میں بوندا باندی،موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ،این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کر دیتازترین

February 25, 2025

مغربی ہوائوں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بارش ہوئی، موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق شمالی اور مغربی علاقوں میں یکم مارچ تک برفباری، گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، جہانیاں اور وہاڑی میں ہلکی بارش ہوئی، لاہورکے علاقے جوہر ٹائون، ٹھوکر نیاز بیگ اور دیگر علاقوں میں رات گئے بوندا باندی ہوئی۔قصور، پنڈی بھٹیاں، رینالہ خورد، کندیاں چشمہ اور نواح میں بارش ہوئی، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بادل برسنے کی بھی پیشگوئی کر دی گئی، خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی نویدسنا دی گئی،پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔ضلع کرم کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش جاری ہے، جبکہ بالائی علاقوں اور سینٹرل کرم میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا کرک میں بھی رات سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، جس سے سردی بڑھ گئی ہے، جبکہ حالیہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کرک میں بارشوں کا یہ سلسلہ مزید 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔لاڑکانہ، جیکب آباد، سکھر میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے مغربی، شمال مغربی اور شمالی علاقوں میں بھی بارش، آندھی اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔دوسری جانب موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل کے باعث پروازیں منسوخ اور 23 میں تاخیر ہوئی ہے۔فلائٹ شیڈول کے مطابق گلگت اور اسلام آباد کی 4 پروازیں پی کے 601، 602، 605، 606 منسوخ کر دی گئی ہیں، کراچی اور دبئی کے مابین 2 خصوصی پروازیں آر جے 71، آر جے 72 بھی منسوخ شیڈول میں ڈال دی گئیں۔فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد ایئر پورٹ سے 11 ملکی اور غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔کراچی ایئر پورٹ سے 6، لاہور سے 4 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی ہے، ملتان اور سیالکوٹ ایئر پورٹ سے 2 پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔دوسری جانب ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق لاہور، کراچی اور اسلام آباد ایئر پورٹس پر فضا ابر آلود ہے جس کی وجہ سے فلائٹ شیڈول متاثر ہوا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی