گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مضبوط اور شفاف مالیاتی نظام ملک کی ترقی کی ضمانت ہوتا ہے۔گورنر سندھ نے ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکائونٹس کی تقریب حلف برداری میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اے سی سی اے کی پہلی خاتون نو منتخب صدر عائلہ ماجد نے گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یہ تقریب معاشی ترقی کے لئے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، اے سی سی اے کے نئے ممبران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی آپ کی جدوجہد کا نتیجہ ہے اور آپ کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ اے سی سی اے دنیا بھر میں پیشہ ورانہ اکائونٹنگ اور فنانس کے شعبہ میں مہارت کا ضامن ہے، یہ باعثِ فخر ہے کہ ہمارے نوجوان عالمی سطح پر اس پیشے میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید معیشت میں اکانٹنگ اور فنانس کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے، ایک مضبوط اور شفاف مالیاتی نظام ہی کسی بھی ملک کی ترقی کی ضمانت ہوتا ہے، ہمارا ملک ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جہاں نوجوانوں کے لئے بے شمار مواقع موجود ہیں۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عصرِ حاضر میں مصنوعی ذہانت کو اکائونٹنگ اور فنانس کے ہر پہلو میں ضم کرنا ہوگا، آج گورنر ہائوس میں 50 ہزار نوجوان آئی ٹی کورسز کر رہے ہیں، آئی ٹی کورسز کرنے والے نوجوان 1500 سے 2000 ڈالرز ماہانہ کما رہے ہیں۔گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ گورنر ہائوس میں اب تک ساڑھے آٹھ لاکھ مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کر چکے، گورنر ہائوس کے گیٹ نمبر ایک کے باہر نصب امید کی گھنٹی سے لوگوں کی داد رسی ہو رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی