i پاکستان

معاون خصوصی انتخاب وزیراعظم کے مجھ پر اعتماد و شفقت کا مظہر ہے، حذیفہ رحمانتازترین

February 28, 2025

وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ بطور معاون خصوصی میرا انتخاب وزیراعظم کے مجھ پر اعتماد کا مظہر ہے اور یہ میرے لئے ایک عظیم ذمہ داری ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے وفاقی کابینہ میں شامل کئے جانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جو وزیر اعظم کے مجھ پر بے پناہ اعتماد اور شفقت کا مظہر ہے۔میں اپنے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے بطور معاونِ خصوصی وزیراعظم و وزیر وفاقی کابینہ میں شامل کیا۔یہ منصب میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں، کیونکہ یہ نہ صرف میری قیادت کی عنایت اور پارٹی کی امانت ہے بلکہ میرے پیارے علاقے ڈیرہ غازی خان کے عوام کا بھی مجھ پر قرض ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم مجھے جس بھی وزارت کی ذمہ داری دیں گے، میں اسے دیانت داری، محنت اور لگن کے ساتھ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ میری بھرپور کوشش ہوگی کہ اپنے علاقے ڈیرہ غازی خان کی محرومیوں کے ازالے اور یہاں پاکستان مسلم لیگ ن کے استحکام کے لیے دن رات محنت کروں۔اللہ تعالی مجھے ملک و قوم کی بہترین خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور میں اپنی قیادت اور جماعت کے وقار میں اضافے کا باعث بنوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی