خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میںپولیس اور امن کمیٹی کے مشترکہ آپریشن میں فتنہ الخوارج کا ایک دہشت گرد ہلاک اور دو فرار ہوگئے جبکہ شمالی وزیرستان میں میرانشاہ سے دتہ خیل تک کرفیو نافذ رہا ۔تفصیل کے مطابق لکی مروت کے علاقے وانڈہ امیر میں پولیس اور مقامی امن کمیٹی کے تعاون سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب مشترکہ آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم ہلاک دہشت گرد کی شناخت تاحال جاری ہے۔ڈی پی او لکی مروت نزیر خان نے بتایا کہ آپریشن کی نگرانی ڈی ایس پی سرکل لکی مروت نے کی، جبکہ تھانہ صدر پولیس کی نفری، ایلیٹ فورس اور بکتر بند گاڑیاں بھی شریک ہوئیں۔
آر پی او بنوں ڈویژن سجاد خان اور ڈی پی او لکی مروت نزیر خان نے کامیاب کارروائی پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ علاقائی امن کمیٹی چغہ پارٹی نے بھی بہادری سے کردار ادا کیا، پولیس اور عوام متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد عناصر ایسے بزدلانہ اقدامات سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔دوسری جانب شمالی وزیرستان میں میرانشاہ سے دتہ خیل تک پیرکو کرفیو نافذ رہا ۔بنوں-میرانشاہ مین روڈ کی ٹریفک کیلئے کھلی رہی۔ڈپٹی کمشنر محمد یوسف کریم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ کرفیو صبح 5 بجے سے دوپہر 3 بجے تک نافذ رہے گا تاہم بنوں-میرانشاہ مین روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھلا رہے گا۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ کرفیو کے اوقات میں نقل و حرکت سے گریز کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی