i پاکستان

لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی ہلکی رم جھم سے موسم خوشگوارتازترین

February 15, 2025

لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی ہلکی رم جھم سے موسم خوشگوار ہو گیا ،آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم 18 فروری( منگل کو) پاکستان میں داخل ہوگا اور 19 فروری بدھ کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کے امکانات ہیں۔تفصیل کے مطابق اقبال ٹائون ،مسلم ٹاون ،وحدت روڈ ،گلشن روای میں بوندباندی جاری ہے،شہر لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو،مال روڈ، انارکلی، سمن آباد، چوک یتیم خانہ، اقبال ٹائون، ٹائون شپ، جوہر ٹائون، ٹھوکر نیاز بیگ اور چونگی امر سدھو میں بادل برس پڑے۔ مختلف شہروں میں ہلکی بارش نے جاتی سردی کوبریک لگادی، بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے،شمال مغربی بلوچستا ن میں ہلکی بارش اورہلکی برفباری متوقع ہے۔گذشتہ24گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ،لہہ میں پارہ منفی10، سکردو ، کالام میں منفی5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا ،گوپس، استورمیں درجہ حرارت منفی4، راولاکوٹ ، پا ر ا چنار اور بگروٹ میں منفی3ڈگری ریکارڈکیا گیا۔دوسری جانب کراچی کا پارہ گزشتہ روزکے مقابلے میں بڑھ گیا۔ گزشتہ روز بھی شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ ہوا جب کہ آئندہ 24گھنٹوں میں شہر میں دھند چھانے کی وجہ سے حدنگاہ متاثر ہونے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی