کرم کے لیے 120 گاڑیوں پر مشتمل اشیائے خور و نوش کا نیا قافلہ روانہ ہوگیا۔ڈی آئی خان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہنگو سے اشیائے خور نوش لیے قافلہ کرم کے لیے روانہ کردیا گیا ہے۔ 120 گاڑیوں پر مشتمل یہ قافلہ پار چنار جائے گا۔حکام کے مطابق علاقے میں کرفیو نافذ ہے، اس دوران یہ قافلہ وہاں پہنچے گا، جس کے جانے سے اشیا کی قلت ختم ہو جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کانوائی کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ راستے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔دریں اثناء ضلع کرم میں کوہاٹ امن معاہدے کے تحت متحارب فریقین کے بنکرز کے خاتمے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق لوئر کرم اور اپر کرم میں موجود مورچوں کو مسمار کیا جا رہا ہے تاکہ علاقے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق لوئر کرم کے علاقوں بالش خیل اور خار کلی میں اب تک 117 بنکرز جبکہ اپر کرم کے گائوں پیواڑ اور تری منگل میں 66 بنکرز کو مسمار کیا جا چکا ہے۔ مجموعی طور پر ضلع کرم میں اب تک 183 بنکرز گرا دئیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ضلع کرم نے واضح کیا ہے کہ امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور ضلع کے اندر موجود تمام بنکرز کو مسمار کر دیا جائے گا تاکہ علاقے میں دیرپا استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی