i پاکستان

کرم ، اسسٹنٹ کمشنر پر حملے میں زخمی پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیاتازترین

February 01, 2025

ضلع کرم کے علاقے بوشہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر پر حملے میں زخمی پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا جبکہ ضلع کے علاقے لوئر کرم، توت پیالہ میں مسلح افراد نے حملہ کر دیا، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ضلع کرم کے علاقے بوشہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر پر ہونے والے حملے میں زخمی پولیس اہلکار سید عاشق حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا، ہسپتال ذرائع نے پولیس اہلکار کی شہادت کی تصدیق کردی ۔پولیس کے مطابق، شہید اہلکار فائر بندی کے بعد بوشہرہ میں تعینات کیا گیا تھا اور شام کے وقت نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز بوشہرہ میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں اسسٹنٹ کمشنر سعید منان سمیت نو افراد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں حالات کشیدہ ہیں، جبکہ مزید سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ دوسری جانب لوئر کرم، توت پیالہ میں مسلح افراد نے حملہ کر دیا، تاہم پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں مسلح افراد راکٹ، گولے، پیٹرول و دیگر ہتھیار چھوڑ کر فرار ہوئے۔ ممبر صوبائی اسمبلی علی ہادی عرفانی نے کہا کہ بار بار امن معاہدے کی خلاف ورزیوں سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی چاہیے اور بدامنی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی پانچ لاکھ محصور آبادی کو مزید مشکلات میں دھکیلا جا رہا ہے، جبکہ دو فیصد دہشت گردوں کی کارروائیوں کا نزلہ عام عوام پر گرایا جا رہا ہے۔ سماجی رہنما یوسف لالا نے بھی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے راستوں کی بندش کے باعث عوام اذیت ناک اور بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی