کراچی میں لیاری کے علاقے لی مارکیٹ میں واقع ایک لکڑی کے گودام میں آتشزدگی کے واقعے پر فائر بریگیڈ کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں اور ایک بائوزر کی مدد سے آگ بجھا ئی گئی، تاہم فائر بریگیڈ ترجمان کے مطابق آگ لگنے کی وجہ کا تاحال پتا نہیں چل سکا۔ترجمان کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران فائر بریگیڈ نے واٹر کارپوریشن سے بھی مدد طلب کی، جس کے بعد ایم ڈی واٹر کارپوریشن نے نیپا پلانٹ ہائیڈرنٹ پر ایمرجنسی نافذ کر کے جائے وقوعہ کی جانب واٹر ٹینکرز روانہ کر دئیے۔واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے کہا کہ انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، اور ان کے آپریشن کی نگرانی خود ایم ڈی کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی جاری ہے اور آتشزدگی پر قابو پانے تک واٹر ٹینکرز فراہم کیے جائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی