i پاکستان

کراچی، سر اور 2 دھڑ ملنے کا واقعہ، لاشوں کی شناخت ہوگئی، ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق، ایک زخمیتازترین

October 02, 2025

کراچی کے علاقوں مغل ہزارہ گوٹھ اور نارتھ ناظم آبادسے ملنے والے دونوں انسانی دھڑکی شناخت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق 2 روز قبل نارتھ ناظم آباد بلاک ایل اور گلستان جوہربلاک 4 مغل ہزارہ گوٹھ میں گھر سے ملنے والے د ھڑ کی شناخت ہوگئی۔پولیس کا بتانا ہے کہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل سے ملنے والے دھڑ کا سر لنڈی کوتل کے علاقے میں گجر نالے سے ملا، مقتول کی شناخت 35 برس کے محمد یوسف کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق مقتول یوسف کے قتل کا مقدمہ تیموریہ تھانے میں درج ہے، قتل کے بعد تن اور سر کو 2 الگ الگ مقامات پر پھینکا گیا تھا، مقتول نارتھ ناظم آباد میں 4 دیگر افراد کے ساتھ رہتا تھا اور تندور پر محنت مزدوری کرتا تھا۔دوسری جانب مغل ہزارہ گوٹھ میں گھر سے ملنے والے دھڑ کی شناخت امداد کے نام سے ہوئی ، امداد کے قتل کامقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج ہے جب کہ مقتول امداد کے 2 دوست گرفتار کر لئے گئے اور ملزمان نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔دریں اثنا کراچی میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا ۔

پہلا حادثہ ملیر چیک پوسٹ نمبر 5 کے قریب پیش آیا، منی بس کی ٹکر سے خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی، متوفیہ کی شناخت 35 سالہ سلمی کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ منی بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، منی بس کو قبضے میں لے لیا گیا، متوفیہ خاتون موٹر سائیکل پر اپنے شوہر کے ہمراہ جا رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی، تاہم پولیس فرار ہونے والے ڈرائیور کو تلاش کر رہی ہے۔شفیق موڑ سے سہراب گوٹھ جاتے ہوئے موٹرسائیکل سلپ ہونے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، متوفی کی لاش کو ریسکیو رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ ادھر آرام باغ ہمدرد دواخانہ کے قریب ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا بزرگ شہری دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔ایدھی حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 75 سالہ اقبال کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی