کراچی میں رمضان المبارک میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔کراچی کے علاقے ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب شہری کی فائرنگ سے 2 مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 10 ڈاکو گرفتارکر کے اسلحہ اور نقدی برآمد کر لیا گیا ۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لوٹ مار کے دوران پیش آیا، ہلاک ملزمان سے اسلحہ ملا ہے۔اس کے علا وہ شفیق موڑ کے قریب گارڈ کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا فرار ہوا۔پولیس کے مطابق ڈاکوئوں نے ایک فیملی کو لوٹا تھا، ڈاکو فرار ہونے لگے تو گاڑی میں سوار گارڈ نے فائرنگ کر دی۔دوسری جانب سپر ہائی وے پر پولیس یونیفارم پہنے افراد نے شہری سے لوٹ مار کی اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ڈھائی لاکھ روپے اور موبائل فون چھین لیے۔واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا البتہ ملزمان گرفتار نہ کیے جا سکے۔دریں اثنا کراچی میں سر سید، سکھن، کورنگی، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران 5 زخمیوں سمیت 10 ڈاکوئوں کو گرفتار کر لیا۔ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔ سر سید پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر 7 کے قریب محمد شاہ قبرستان کے پاس مبینہ مقابلے کے بعد تین ڈاکوئوں کو گرفتار کیا۔
زخمی ملزم کی شناخت 26 سالہ عدنان سعید کے نام سے کی گئی۔جبکہ دیگر دو ملزمان لال بخش اور محمد نذر ہیں۔ گرفتار ملزمان سے دو پستول، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔سکھن پولیس نے بھی لانڈھی بھینس کالونی میں مبینہ مقابلے کے دوران 27 سالہ امیر اللہ کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ اس سے ایک پستول، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔کورنگی پولیس نے کورنگی نمبر ڈھائی میں ایک اور مبینہ مقابلے کے دوران 23 سالہ نبیل اور 22 سالہ کاشف کو گرفتار کیا۔ ان سے ایک پستول، دو موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔شارع نور جہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں تین ڈاکوئوں کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک زخمی حالت میں تھا۔ ان سے دو پستول، موبائل فونز، نقد رقم اور چھیی گئی موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ادھر نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے بھی صبا سینما کے قریب ایک ڈاکو نادر شاہ کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جس سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی