i پاکستان

کراچی ،ولیس مقابلوں میں بھتہ خور صمد کاٹھیاواڑی گروہ کے کارندہ سمیت5ملزمان زخمی حالت میں گرفتارتازترین

October 07, 2025

کراچی میں سعیدآباد یوسف گوٹھ کے علاقے میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس اور ایک خطرناک بھتہ خور کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔ترجمان ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد نواز ولد عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ بدنامِ زمانہ صمد کاٹھیاواڑی گروہ کا سرگرم کارندہ ہے۔ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ کے مطابق ملزم ایک اشتہاری مجرم ہے اور کراچی پولیس کو بھتہ خوری، ڈکیتی، قتل اور اقدامِ قتل جیسے سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔پولیس نے گرفتار ملزم سے ایک پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی ہے۔مزید تحقیقات کے دوران پولیس کو ملزم کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی حاصل ہو گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس پر متعدد سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔فائرنگ کے بعد علاقے میں پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے۔ملزم کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید انٹیروگیشن کا عمل جاری ہے۔ دریں اثنا کراچی میں پولیس اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان دو مختلف مقامات پر ہونے والے مبینہ پولیس مقابلوں میں چار ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔

پولیس نے دونوں کارروائیوں میں اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے، جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پہلا مبینہ مقابلہ ماڈل کالونی تھانے کی حدود میں نشتر آباد ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا جہاں پولیس نے مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔پولیس کے مطابق ملزمان نے رکنے کے بجائے فائرنگ کر دی جس کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی۔فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان رفیق الرحمن اور مہر محمد زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے۔زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ایک اور واقعہ خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود میں نارتھ کراچی سیکٹر 5-B/3 میں پیش آیا، جہاں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔وہاں بھی ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے بعد جوابی کارروائی میں آریان اور محمد علی نامی دو ملزمان زخمی ہو کر گرفتار کر لئے گئے۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش اور کریمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی