کراچی میں عوامی غم و غصے کے باوجود ڈمپرز اور ہیوی ٹریفک کے ذریعے ہونے والے حادثات تھم سکے، ناظم آباد میں ڈمپر کی ٹکر سے کار سوار شہری زخمی ہوگیا۔تفصیل کے مطابق ناظم آباد ایک نمبر میں ڈمپر کی ٹکر سے کار سوار زخمی ہوگیا، جس کے بعد شہریوں نے ڈمپر کا گھیرائو کرلیا، تاہم ڈرائیور نے شہریوں پر ہی ڈمپر چڑھانے کی کوشش کی، جس کے بعد وہاں موجود افراد مشتعل ہوگئے، تاہم ڈرائیور ڈمپر لے کر فرار ہوگیا۔خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ورنہ ڈرائیور نے شہریوں کو کچلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں تواتر کے ساتھ ہیوی ٹریفک کے ذریعے حادثات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، جن میں درجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ہیوی ٹریفک کی جانب سے ممنوع اوقات کار میں شہر میں تیز رفتاری کی وجہ سے حادثات کے واقعات پر جماعت اسلامی ، ایم کیو ایم پاکستان، مرکزی مسلم لیگ، مہاجر قومی مومنٹ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے حکومت سے ان واقعات کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔سندھ حکومت نے ہیوی ٹریفک کے اوات کار کی پابندی کو مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں، گزشتہ روز ہیوی ٹریفک کی گاڑیوں کے جگہ جگہ چالان کیے جاتے رہے، لیکن اس کے باوجود بھی حادثات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی