i پاکستان

کراچی میں گرمی کی شدت 2 سے 3 دن میں کمی کا امکان، موسم بدلتے ہی سانس کے امراض میں اضافہتازترین

March 11, 2025

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے کراچی سمیت سندھ بھر میں گرم موسم کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔جواد میمن کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں اینٹی سائیکلون گرم موسم میں اضافے کا باعث تھا تاہم ہوا کا یہ زائد دبائو اب مشرق کی طرف بڑھ گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں 5 روز سے جاری گرمی کی شدت میں آ ئندہ24گھنٹوں سے کمی متوقع ہے اور آئندہ 2 سے 3 دن بعد سندھ بھر میں موسم بہتر ہو جائے گا۔موسمیاتی تجزیہ کار کا کہناتھا کہ کراچی میں ہفتہ اور اتوار سے درجہ حرارت مارچ کے معمول کے مطابق رہیں گے، اس دوران شہر میں دن کا پارہ 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔ دوسری جانب کراچی میں موسم بدلتے ہی سانس کے امراض میں اضافہ ہوگیا۔

ایمرجنسی انچارج سول اسپتال کے مطابق اسپتال میں سانس کے مرض کے یومیہ 150 سے زائد افراد آرہے ہیں اور اسی طرح جناح اسپتال میں بھی سانس کے مریضوں کی تعداد یومیہ 150 سے تجاوز کرگئی ہے۔ طبی ماہر ین کا کہنا ہے کہ سانس کی بیماریوں سے سب سے زیادہ متاثر بچے ہو رہے ہیں، مریض گلے کی خرابی، نزلہ اور کھانسی کی شکایت کے ساتھ اسپتال پہنچ رہے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق ایسے موسم میں دمے کے مریضوں کی حالت مزید بگڑنے لگتی ہے۔طبی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں ٹھنڈی اور غیر معیاری مشروبات سے پرہیز کریں، گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی