کراچی میں جوڑیا بازار کی ہول سیل مارکیٹ کے تاجروں نے چینی کی ایکسپورٹ پر تین ماہ کیلئے پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیل کے مطابق کراچی میں ریٹیل سطح پر چینی کی قیمتیں 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئیں۔چیئرمین ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن رئوف ابراہیم نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت3ماہ کیلئے چینی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کرے۔رئوف ابراہیم کا کہنا تھا کہ ہول سیل بازارمیں چینی کی قیمت 150 روپے تک پہنچ گئی، مارکیٹ میں ذخیرہ مافیا سرگرم ،مارچ کے ایڈوانس سودے ہو رہے ہیں۔چیئرمین ہول سیل گروسرز نے کہا کہ چینی کے مارچ کے ایڈوانس سودے152روپے فی کلوتک پہنچ گئے، رمضان میں چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں چینی کی ماہانہ کھپت ساڑھے 5لاکھ ٹن ہے، رمضان میں یہ کھپت 10لاکھ ٹن پہنچ جاتی ہے۔رئوف ابراہیم نے بتایا کہ دسمبر سے چینی کی قیمتوں میں 26 روپے کلو کا اضافہ ہوچکا ہے جبکہ گزشتہ سال بھی منافع خوروں نے چینی کی قیمت 180 روپے پر پہنچا دی تھی۔خیال رہے یوٹیلٹی اسٹورزپربھی چینی 5 روپے اضافے سے145 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی