i پاکستان

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت بڑی غلطی ہے،فیصل واوڈاتازترین

March 19, 2025

سینیٹر فیصل واوڈا نے قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت کو بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عجیب فیصلہ تھا، دہشتگردی کا مسئلہ قومی ایشو تھا، پی ٹی آئی کی عدم شرکت مناسب نہیں تھی۔ایک انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ اجلاس میں کسی نے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کرنا تھی، اجلاس میں پاکستان اور ملکی سلامتی سے متعلق ہی بات ہونی تھی، میرے خیال سے پی ٹی آئی کو اجلاس میں شرکت کرنا چاہیے تھی، انہوں نے بڑی غلطی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کنفیوژن کا شکار ہے کیونکہ اختلافات ختم نہیں ہو رہے، ایک طرف پی ٹی آئی نہیں آ رہی اور دوسری طرف علی امین گنڈاپور نے شرکت کی، وہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی حیثیت سے آ رہے ہیں تو پی ٹی آئی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شرکت کا معاملہ کوئی فرمائشی پروگرام نہیں کہ 14 لوگ آئیں گے، اجلاس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے 90 سے 95 افراد تھے، ایسا نہیں کہ آپ 20 سے 25 لے جائیں آپ کہیں افطاری پر نہیں جا رہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی