چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں،کوئی بھی عوام کیخلاف نہیں جا سکتا، جب تک انکوائری نہیں ہوتی ہمارے ایم این ایز پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے، اس کی انکوائری اور اس کی تہہ تک جانا لازم ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو میڈیا سے گفتگو اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 10 ستمبر کو کچھ نقاب پوش ہمارے ایم این ایز کو گرفتار کرنے پارلیمنٹ کے اندر داخل ہوئے ۔10 ستمبر جمہوریت کے لیے کالا دن ہے، ایوان کا تقدس پامال ہوا ہے۔ اس کی انکوائری اور اس کی تہہ تک جانا لازم ہے۔ جب تک اس کی انکوائری نہیں ہوتی ہمیں اس کے سارے حقائق سے آگاہ نہیں کیا جاتا تب تک ہمارے 9/10 ایم این ایز کے علاوہ باقی ایم این ایز پارلیمنٹ میں نہیں آئیں گے اور نہ وہ کمیٹیوں میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے ایم این ایز کو اجلاس میں پیش کیا جائے۔ بیرسٹر گوہر کاکہناتھا کہ پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی بنی ہے۔ کوشش کریں گے تنائوکم ہو، سختیاں کم ہوں،ان کاکہناتھا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا کوئی امکان نہیں،کوئی بھی عوام کیخلاف نہیں جا سکتا،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ سیاست میں کوئی چیز فائنل نہیں ہوتی،علی امین گنڈاپور کے بیان پر معافی کی ضرورت نہیں،اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنا درست نہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی