جعفرایکسپریس پر حملے کے بعد کوئٹہ سے اندورن ملک ٹرین سروس بدستور معطل ہے، کوئٹہ سے پشاور اور کوئٹہ سے کراچی کیلئے ٹرینیں مسلسل چھٹے روز بھی روانہ نہیں ہوسکیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق حملے کی زد میں آنے والی جعفر ایکسپریس کی تاحال 4 بوگیاں جائے وقوعہ پر کھڑی ہیں۔جعفر ایکسپریس حملے میں تباہ انجن اور کوچز لاہور بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین کی ٹریک پر موجود زیادہ تر بوگیوں کو مچھ پہنچا دیا گیا ہے جبکہ پٹری سے اترنے والی 4 بوگیوں کو کرین کے ذریعے اٹھا لیا جائے گا، دہشت گردی کا نشانہ بنے والی جعفر ایکسپریس کے انجن کو سبی پہنچا دیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق رولنگ اسٹاک ہٹانے کے بعد ٹریک پرمرمت کا کام شروع ہوگا، آئندہ 3 دنوں میں ریلوے ٹریک آپریشن کے لیے تیار ہوجائے گا۔ریلوے حکام کے مطابق مرمت کاکام مکمل ہونے کے بعد سیکیورٹی کلیئرنس ملتے ہی ریل آپریشن بحال ہو جائے گا، یاد رہے کہ کوئٹہ چمن ریلوے سروس گزشتہ روز بحال کردی گئی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی