i پاکستان

حکومت پنجاب کا تھل میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ٹیکنالوجیز کے ذریعے چنے کی کاشت کے فروغ کے لئے منصو بے کا آغازتازترین

February 08, 2023

حکومت پنجاب نے چنے کی کاشت کے مرکزی علاقہ تھل میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ٹیکنالوجیز کے ذریعے چنے کی کاشت کے فروغ کے منصوبہ کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت تھل کے چاروں اضلاع بھکر،خوشاب،میانوالی اور جھنگ میں چنے کی پیداوار بڑھانے کیلئے خواہشمند کاشتکاروں کو سپرنکل نظام آبپاشی بمعہ سولر سسٹم کی تنصیب پر 80فیصد سبسڈی دی جا ئے گی۔ترجمان محکمہ اصلاح آبپاشی پنجاب کے مطابق مذکورہ اضلاع کے خواہشمند کاشتکار درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اصلاح آبپاشی یااسسٹنٹ ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی کے دفاتر سے مفت حاصل یا محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاح آبپاشی کی ویب سائٹ http://ofwm.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے خواہشمند کاشتکار ہر لحاظ سے مکمل درخواستیں بمعہ دستاویزات متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت آبپاشی کے دفتر میں جمع کروائیں گے۔انہوں نے بتایاکہ یہ سہولت پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر مہیا کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اصلاح آبپاشی میانوالی سے فون نمبر 0459ـ929018،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اصلاح آبپاشی جھنگ سے فون نمبر 047ـ9330014 جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اصلاح آبپاشی خوشاب سے فون نمبر0454ـ799763 اور ضلع بھکر کے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اصلاح آبپاشی سے فون نمبر 0453ـ9200254پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ محکمہ کی فری ہیلپ لائن 0800ـ17000 سے بھی مزید معلومات و رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی