وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تحصیل شاہرگ میں مزدوروں کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جاری بیان کے مطابق انہوں نے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وزیر اعلی نے واقعے میں زخمی ہونے والے مزدوروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی جلد از جلد صحت بحال ہو سکے۔ انہوں نے واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی،دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد معافی کے مستحق نہیں اور حکومت بلوچستان انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔وزیر اعلی بلوچستان نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے بلوچستان میں پائیدار امن قائم کیا جائے گا اور دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ دریں اثناء حکومت بلوچستان نے تحصیل شاہرگ کے علاقے ٹاکری میں روڈ کے قریب ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ اس المناک واقعے میں مزدوروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر حکومت بلوچستان گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد اس واقعے کے محرکات اور ملوث عناصر کو بے نقاب کریں۔ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے مزید بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے مزدوروں کو فوری طور پر شاہرگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ زخمیوں کا مکمل خیال رکھا جائے اور ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ صوبے میں دہشت گرد عناصر کو کسی صورت امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی