ڈسکہ اور سیالکوٹ میں گھریلو تشدد کے دل دہلا دینے والے واقعات میں دو خواتین کو آگ لگا دی گئی۔تفصیل کے مطابق ڈسکہ میں شوہر نے والدہ کے ساتھ مل کر بیوی کو آگ لگا دی، پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی 5 ماہ قبل اسلام نگر کے سفیان سے شادی ہوئی تھی۔صدر پولیس نے لڑکی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا، متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ساس نے پکڑا اور شوہر نے پٹرول چھڑک کر آگ لگائی، مجھے انصاف چا ہئیے ۔دوسری جانب سیالکوٹ میں نیکاپورہ کے علاقے میں سسرالیوں نے بہو کو بھائی کے ولیمے میں شرکت کے اصرار پر آگ لگا دی۔خاتون کا 80 فیصد جسم جھلس گیا، جسے تشویشناک حالت میں لاہور منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے شوہر، سسر، ساس اور نند کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی