قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے مستونگ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد عناصر انسانیت کے دشمن ہیں۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق قائم مقام صدر کا بچوں اور پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔قائم مقام صدر نے ملک سے دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کیا اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔دریں اثناء قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے دھماکے کے نتیجے متعدد قیمتی جانوں کے نقصان پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے ۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعابھی کی ۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد صوبہ بلوچستان میں ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہو سکتے۔ کوئی بھی مذہب دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا۔ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ موجودہ حکومت دہشت گردی کے خلاف پاک فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا مل جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی