i پاکستان

دہشت گرد پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہونے دینا چاہتے، گورنر سندھتازترین

March 12, 2025

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں سے لڑ رہی ہے، پاک فوج پر فخر ہے، پاک فوج نے بہادری سے 100 سے زائد لوگوں کو بازیاب کرایا، وزیراعلی بلوچستان، گورنر اور سیکیورٹی حکام سے تفصیلی بات ہوئی ہے، دہشت گرد پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہونے دینا چاہتے، جب پاکستان میں سرمایہ کاری کی بات ہو تو حالات خراب کیے جاتے ہیں، کچھ لوگ یوٹیوبر پیسے لے کر پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری عوام میں سحری کرنے برنس روڈ پہنچے جہاں ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوں، کارکنوں اور عوام نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ بلوچستان کے ہر بلوچی بھائی کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عوام کو ایک ایجنڈے پر متحد کرنا ہوگا، جہاں افواج کمزور ہوں گی، وہاں دفاع بھی کمزور ہوگا اور پاکستانی عوام اپنی پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بلوچستان تک آواز پہنچنی چاہیئے کہ یہاں کی عوام دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے اور یہ سب سے آگے ہوں گے جب بات دہشت گردوں کے مقابلے کی ہو گی، دہشت گرد پاکستان میں خوشحالی دیکھنے کے بجائے ملک کی ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آئی ٹی کی ترقی پر ناز کرتا ہے جبکہ چین جب بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی بات کرتا ہے، دہشت گرد فورا سرگرم ہو جاتے ہیں۔ گورنر سندھ نے ایم کیو ایم پاکستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم روزگار کے مواقعوں پر کام کر رہی ہے اور ملک کی ترقی کے لیے ایک مشترکہ ایجنڈے کی ضرورت ہے۔وزیراعلی بلوچستان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ انہوں نے درست کہا کہ بیرونی ہاتھ دہشت گردی میں ملوث ہیں، اور ہمیں مل کر دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا، بلوچستان اور سندھ کے عوام کا اتحاد دہشت گردی کے خلاف طاقتور پیغام ہے اور ہمیں اس جدوجہد میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی