ایف آئی اے اورکسٹم نے ایک کارروائی کے دوران فیصل آباد ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے 3 مسافروں سے لیپ ٹاپ اور موبائل فونز سمیت سوا کروڑ روپے کا نان کسٹم پیڈ سامان برآمد کرلیا، میڈیا رپورٹس کے مطابق برآمد کئے گئے غیرقانونی سامان کی مالیت سوا کروڑ روپے سے زائد ہے، تفصیلات کے مطابق حکام نے نجی ایئرلائن کی پرواز سے دبئی سے پہنچنے والے تین مسافروں جن میں تنویر،سہیل اور سمیع اللہ شامل تھے جب ان کے سامان کی تلاشی لی تو 12آئی فون پرومیکس سمیت دیگر قیمتی موبائلز،لیپ ٹاپ، قیمتی گھڑیاں، پلے اسٹیشن،ویپ فلیورز سمیت شیشہ فلیورز اور دیگر سامان ملا جو نان کسٹم پیڈ تھا۔متعلقہ حکام نے غیرقانونی طور پر لائے گئے سامان کو ضبط کر کے محکمانہ کارروائی کے بعد تینوں مسافروں کو جانے کی اجازت دیدی۔تینوں مسافر وںکے بارے میں بتایاگیا ہے کہ تنویر لودھراں،سہیل ساہیوال اور سمیع اللہ ڈیرہ غازی خان کے رہائشی ہیں۔دریں اثنائاینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مختلف کارروائیوں میں ایک کروڑ 26 لاکھ روپے کی 111 کلو سے زائد منشیات برآمد کرلیں۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں کوریئر آفس کے ذریعے لاہور بھیجے جانے والے پارسل سے 4.8 کلو چرس برآمد ہوئی۔اسی طرح کراچی میں کورئیر سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل میں لیڈیز کپڑوں میں جذب 1.850 کلو آئس برآمد کر لی گئی۔
ایک اور کارروائی کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان میں گوادر کے غیر آباد علاقے سے 40 کلو چرس برآمد ہوئی جبکہ راولپنڈی میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 40 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئیں۔شیخوپورہ انٹرچینج ایم 2 لاہور کے قریب گرفتار ملزم کی گاڑی میں چھپائی گئی 1.5 کلو ہیروئین اور 600 گرام آئس برآمد کی گئی۔اے این ایف نے ایک اور کارروائی کے دوران کالا باغ روڈ پر ریلوے پھاٹک میانوالی کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 30 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتارکر لیا گیا۔ آسٹریلیا کیلئے ہی دوسرے پارسل سے تکیہ غلاف میں جذب 700 گرام افیون برآمد ہوئی۔اٹک میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبائکو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔اے این ایف حکام کے مطابق منشیات سمگلنگ میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ سیالکوٹ میں گلوٹیاں موڑ ڈسکہ کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں چھپائی گئی 27.6 کلو چرس اور 3.6 کلو افیون برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی