چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی 68ویں دولتِ مشترکہ پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے لئے بارباڈوس پہنچ گئے ۔چیئرمین سینیٹ برطانیہ میں مختصر قیام کے بعد68ویں دولتِ مشترکہ پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کیلئے بارباڈوس پہنچے ۔ کانفرنس میں دولتِ مشترکہ کے رکن ممالک کے پارلیمانوں کے سربراہان، اراکینِ پارلیمان اور نمائندگان بڑی تعداد میں شریک ہیں۔یہ کانفرنس جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی، شفاف طرزِ حکمرانی، پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم بین الاقوامی فورم کی حیثیت رکھتی ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کانفرنس کے دوران مختلف ممالک کے پارلیمانی رہنماں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں پارلیمانی سطح پر شراکت داری، عوامی روابط کے فروغ، خطے میں امن و استحکام، تجارتی تعاون اور ماحولیاتی چیلنجز جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ کانفرنس کے ایک اہم سیشن کی صدارت بھی کریں گے۔ اس موقع پر وہ موسمی تغیرات کے اثرات، پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے پیدا ہونے والی انسانی و ماحولیاتی صورتحال، اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالیں گے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ دولتِ مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) کے تحت ہونے والی یہ کانفرنس رکن ممالک کے درمیان جمہوری اداروں کے استحکام، قانون کی بالادستی، اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پارلیمانی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی