چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جے یو آئی کے رہنما ، سابق ممبر قومی اسمبلی و سینیٹر حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے حافظ حسین احمدکے انتقال پر لواحقین اور جے یو آئی قیادت سے تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم زیرک سیاستدان اور وضع دار پارلیمانی رہنما تھے، رمضان مبارک کی بابرکت ساعات میں اللہ کریم کے حضور پیش ہونا یقینا حافظ صاحب کی بلندی درجات کا سبب بنے گا، رنج و غم کی اس گھڑی میں تمام ہمدردیاں سوگواران کیساتھ ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند اور سوگواران کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔دریں اثنا ڈپٹی چیرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بھی معروف عالمِ دین اور سینئر سیاستدان حافظ حسین احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔جاری بیان کے مطابق ڈ پٹی چیرمین سینٹ نے کہا کہ حافظ حسین احمد کی وفات ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے وہ نہ صرف جید عالمِ دین اور باوقار سیاستدان تھے بلکہ اپنی حق گوئی اور اصول پسندی کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے سیدال ناصر نے مرحوم کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سادگی، بردباری اور علمی گہرائی ہمیشہ متاثر کن رہی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی