i پاکستان

بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس، ایف آئی اے کو نوٹس جاری،18 ستمبر تک جواب طلبتازترین

September 16, 2024

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت میں وکیل سلمان صفدر نے موقف اپنایا کہ 9 ستمبر کو احتساب عدالت نے کیس منتقلی کا آرڈر کیا تھا، 10 ستمبر کو پیش ہوئے تو سپیشل جج سینٹرل ایک ہفتے کے لئے چھٹی پر چلے گئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کیس آج 16 ستمبر کیلئے سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے پاس مقرر ہے، جج شاہ رخ ارجمند پہلے ہی عدت کیس میں کیس سننے سے ڈھائی ماہ بعد معذرت کر چکے ہیں۔ دوران سماعت عدالت میں بشری بی بی نے استدعا کی کہ عدالت سپیشل جج سینٹرل کو جلد سماعت کر کے فیصلہ دینے کی ہدایت دے۔ سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ضمانت قبل از گرفتاری پر نوٹس ہو چکے تھے پھر بھی گرفتاری ہوگئی، اب ضمانت بعد از گرفتاری کا معاملہ بھی اسی طرح لٹکا ہوا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت مخر کرتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر کے 18 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی