صوابی کے باچا خان میڈیکل کمپلیکس شاہ منصور میں بیک وقت پیدا ہونے والے پانچ نومولود بچے 5 روز بعد انتقال کر گئے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق یہ بچے قبل ازوقت پیدا ہوئے تھے اور انہیں فوری طور پر انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا تھا، پیدا ہونے والے جڑواں بچوں میں ایک بیٹا اور چار بیٹیاں شامل تھیں۔بچوں کے والد محمد نوید ولد نصیر محمد کا تعلق زیدہ صوابی کے محلہ منصور خیل سے بتایا گیا ہے، واقعے کے بعد علاقے میں گہرے رنج و غم کی فضا چھا گئی ہے اور اہلِ علاقہ نے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بچوں کی پیدائش کے بعد ان میں شدید طبی پیچیدگیاں سامنے آئیں، جس کے باعث چار بچوں کو این آئی سی یو میں داخل کیا گیا، انچارج این آئی سی یو کی نگرانی میں بچوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی گئیں، تاہم کمزوری اور دیگر پیچیدگیوں کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طبی عملے نے بچوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن قبل از وقت پیدائش کے باعث ان کی حالت نہ سنبھل سکی، واقعے پر ضلعی انتظامیہ اور صحت کے حکام نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی