خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے جبکہ میانوالی میں سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ 6 فرار ہوگئے۔ڈی پی او بنوں سلیم عباس نے بتایا ہے کہ بکا خیل کے علاقے تختی خیل میں واقع ایف سی کی چیک پوسٹ پر کواڈ کاپٹر ڈرون حملہ کیا گیا، جس میں ایک اہلکار شہید ہو گیا ، زخمی ہونے والے تینوں اہلکاروں کوہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد فرینٹر کور اور پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔خیال رہے بنوں میں حالیہ عرصے میں ہوید اور میریان سمیت کئی پولیس اسٹیشنوں پر کواڈ کاپٹروں سے حملے کئے گئے ہیں ، گزشتہ ہفتے بھی پولیس نے حملہ ناکام بنا کر تین دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
دوسری جانب میانوالی میں کندیاں کے علاقے میں محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 خطرناک دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے رائفلز، 2 دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، فرار ہونیوالے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے کندیاں کے قریب ناکہ بندی کرلی، دہشت گرد پولیس ودیگر اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی