i پاکستان

چترال میں برفانی چیتا ہلاک، انکوائری کمیٹی تشکیلتازترین

January 20, 2026

لوئر چترال کی گرم چشمہ وادی میں نایاب برفانی چیتے کی ہلاکت نے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دئے۔میڈیارپورٹ کے مطابق مقامی آبادی کے مطابق برفانی چیتا تقریبا ڈیڑھ ماہ قبل تھونک گاں میں پہلی بار مقامی افراد کو نظر آیا تھا۔ اس کے بعد یہ انتہائی نایاب جانور مختلف مقامات پر گھومتا رہا اور وقتا فوقتا مختلف علاقوں میں دیکھا جاتا رہا۔ مقامی رہائشیوں نے اس کی موجودگی سے متعلق معلومات سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیں۔ تاہم بالآخر یہ برفانی چیتا پیرابیگ بازار کے قریب واحت گاں میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اطلاع کے باوجود وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ بروقت اقدامات کرنے میں ناکام رہا۔

ان کے مطابق برفانی چیتے کا قدرتی مسکن چترال گول نیشنل پارک کا علاقہ ہے اور سردیوں میں اس کا گرم چشمہ وادی کی جانب آنا معمول کی بات نہیں۔ ان کا خیال ہے کہ اس بار برفانی چیتا گرم چشمہ کے پہاڑی علاقوں میں تو گھومتا رہا، لیکن واپس اپنے اصل مسکن تک نہ پہنچ سکا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ بروقت مداخلت کرتا تو جانور کو اس کے قدرتی مسکن کی جانب منتقل کیا جا سکتا تھا۔ لاش کی برآمدگی کے بعد وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ تاہم چیتے کو بروقت بچا نہ پانے پر سول سوسائٹی اور ماحولیاتی کارکنوں نے سخت تنقید کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی