چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بارکھان میں پیش آنے والے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ بارکھان میں7بے گناہ لوگوں کے قتل پر شدید افسوس ہے، دہشتگرد ہر ممکن کو شش کر رہے ہیں کہ ملک کا نظام خراب ہو،یہ انتہا پسند افراد ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ بلوچستان میں امن قائم رہے، ان دہشتگردوں کو قانون سخت سزا دے،جاں بحق ہونے والے افراد کے بلند درجات اور انکے گھر والوں کے لئے صبر کی دعا کرتا ہوں۔ دوسری جانب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی بارکھان، بلوچستان میں مسافر بس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں سات قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ فعل ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور ایسے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بیھ بس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں کا ضیاع ناقابلِ برداشت ہے۔سیدال خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی