i پاکستان

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عدالت طلب،سماعت 27 فروری تک ملتویتازترین

February 19, 2025

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود با نی پی ٹی آئی عمران خان کی انکی اہلیہ بشری بی بی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کیس کی سماعت کی، عمران خان کی جانب سے وکیل فیصل فرید چودھری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے عدالتی حکم پر تاحال عمل نہیں ہوا، 28 جنوری کو جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالت میں عمران خان کی بشری بی بی سے ملاقات کا بیان دیا تھا، جیل سپرنٹنڈنٹ کے بیان کے باوجود ملاقات نہیں کرائی جا رہی۔عدالت نے سٹیٹ کونسل کو ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کیوں اس عدالت کے حکم پر عمل نہیں ہوا؟ لا افسر اس آرڈر پر عمل درآمد یقینی بنوائیں۔عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بشری بی بی سے جیل میں ملاقات نہ کرانے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 8 فروری کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی