i پاکستان

بادل برسانے والا سسٹم ملک میں داخل، کئی مقامات پربارش کاامکانتازترین

February 10, 2025

پنجاب کے بیشتراضلاع میں بادل برسانے والا سسٹم داخل ہو گیا،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں اسلام آباد، راولپنڈی ڈویژن، مری اور ناردرن ایریاز میں بارش کے ساتھ برف باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مغربی بلوچستان،بالائی خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پرہلکی بارش اوربرف باری کی توقع ہے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے پنجاب اور سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ ادھر کراچی کے موسم نے ایک بار پھر انگڑائی لی او ر درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری کا اضافہ متوقع ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں جودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 88فیصد ہے۔ اے کیو آئی کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دسویں اورپاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں آٹھویں نمبر پر موجودہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 99 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈکی گئی ہے۔

کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں سر فہرست شاہ فیصل، دوسرے نمبر پر کورنگی، تیسرے نمبر پر گلشن اقبال موجود ہیں۔ بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم خشک اور سرد رہے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اوربلوچستان کے شمالی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر آبر آلو رہے گاجبکہ کوئٹہ، زیارت، پشین اور قلعہ عبداللہ میں چند مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے،زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1 اور ژوب میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا،سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 11 اور تربت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا،نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 اور چمن میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔ گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 12 اور جیوانی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی