i پاکستان

اوچ شریف میں زمینی راستے بحال نہ ہو سکے، جلالپور پیر والا ایم 5 بیسویں روز بھی بندتازترین

October 02, 2025

اوچ شریف کے سیلابی علاقوں میں متاثرین کی مشکلات کم نہ ہو سکیں، موٹروے 5 بیسویں روز بھی بند ہے۔زمینی راستے بحال نہ ہونے سے متاثرین پانی سے گزرنے لگے، متاثرین آمد و رفت کیلئے ڈرم کی کشتی کا استعمال کرنے پر مجبورہیں، چک کہل کی 27 بستیاں اور 2350 ایکڑ رقبہ پر فصلیں مکمل طور پر سیلابی پانی سے متاثر ہیں۔چک کہل میں تاحال سروے کا عمل شروع نہیں ہوسکا، مکانات منہدم ہونے سے متاثرین اپنے ہی گھروں میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، مویشیوں کا چارہ نہ ہونے کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔سیلاب متاثرین نے نقصانات کا سروے شروع کرنے اور راستے بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔دوسری طرف جلالپور پیر والا میں سیلابی ریلے سے نقصان پہنچنے پر موٹروے ایم 5 بیسویں روز بھی بند ہے، سیلابی پانی موٹروے کے دونوں طرف موجود ہے تاہم انٹرچینج سے پانی اتر گیا۔سیلابی پانی کی سطح مزید کم ہوگئی ہے تاہم لودھراں روڈ، پرمٹ روڈ بحال نہ ہوسکے، متعدد نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی کی صورتحال برقرار ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی