i پاکستان

امریکی فضائی حادثے میں جاں بحق افراد میں پاکستانی خاتون بھی شاملتازترین

January 31, 2025

امریکا میں مسافر طیارے سے فوجی ہیلی کاپٹر ٹکرائے جانے کے واقعہ میں ہلاک مسافروں میں ایک پاکستانی خاتون عسری حسین بھی شامل ہیں۔عسری حسین کے شوہر حماد رضا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 30 جنوری کو رات 8 بجے کے قریب جیسے ہی طیارہ ریگن نیشنل ائیرپورٹ کے قریب پہنچا تو ان کی اہلیہ نے موبائل فون پر انہیں ٹیکسٹ میسج کیا کہ ان کا طیارہ لینڈ کرنے والا ہے۔ حماد نے جوابی پیغامات بھیجے تو وہ وصول نہیں کیے جاسکے جس کا مطلب انہوں نے یہ سمجھا کہ کوئی گڑ بڑ ہوگئی ہے۔ بدقسمتی سے عسری کا بھی یہ آخری پیغام ثابت ہوا۔عسری حسین اس امریکی ائیرلائنز کی پرواز 5342 میں سوار تھیں جس سے امریکی فوج کا زیر تربیت بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اچانک ٹکراگیا تھا۔ عسری حسین ریاست کینساس کے شہر ویچیٹا میں کسی کام کے سلسلے میں گئی تھیں اور واپسی پر یہ ناگہانی آفت ٹوٹ پڑی۔حادثے میں اہلیہ کو کھونے والے حماد رضا کا تعلق امریکا کی ریاست میزوری سے ہے۔ لواحقین کے قریبی دوست نے بتایا کہ حماد رضا کی 2 برس پہلے عسری حسین سے شادی ہوئی تھی۔ عسری کی عمر تقریبا 26 برس اور حماد کی عمر 25 برس ہے۔ دونوں انڈیانایونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔ حماد ارنسٹ اینڈ ینگ میں اکانٹنٹ کے طورپر ملازم ہیں اور حماد کا کہنا ہیکہ ان کی اہلیہ جہاز کے سفر کو آرام دہ تصور نہیں کرتی تھیں۔حماد رضا کے والد ڈاکٹر ہاشم رضا کا تعلق کراچی سے ہے ۔ وہ ڈا یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔ ڈاکٹر ہاشم رضا ریاست میزوری کے مایہ ناز ترین ڈاکٹروں میں سے ایک سمجھے جاتے ہیں۔ وہ اس وقت میزوری بیپٹیسٹ میڈیکل سینٹر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی