امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں کملا ہیرس جیتیں یا ڈونلڈ ٹرمپ ہمارے لئے سب برابر ہیں، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ایک انٹرویو یمں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ مجھے ایک ملاقات کے دوران سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے پوچھا کہ بتائیں ٹرمپ یا کملا ہیرس میں سے کس کو امریکی صدر دیکھنا چاہتے ہیں جس پر میں نے کہا کہ امریکی انتخاب چاہیے کوئی بھی پارٹی جیت جائے کملا ہیرس جیتے یا ٹرمپ ہم ان سب کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے لئے سب برابر ہیں، ریاست کا ریاست سے تعلق ہوتا ہے جس کو مزید مستحکم بنایا جائے گا، امید ہے آنیوالے دنوں میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید بہتر ہوں گے، ہم دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ پر کام کررہے ہیں۔رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ کوئی قرارداد سے پاکستان میں تبدیلی نہیں آسکتی، امریکی کانگریس چاہے جتنی مرضی قراردادیں لے آئے اس کا پاکستان پر کوئی فرق نہیں پڑتا، امریکا میں کچھ پاکستانی ایسے ہیں جن کا کوئی نظریہ نہیں، وہ ریاست کو نقصان پہنچاتے ہیں، امید ہے لندن کی طرز پر امریکا میں کوئی ایسا احتجاج نہیں ہو گا۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکا میں موجود سب پاکستانی ذمہ دار شہری ہیں، وہ اپنی ذمہ داریوں کو اچھے طریقے سے جانتے ہیں، ہم پاکستان کے لئے امریکا میں موجود ہیں، کسی صورت پاکستان کے وقار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ کسی بھی قرارداد کا پاکستان پر کوئی فرق نہیں پڑتا، اگر ان قراردادوں سے پاکستان یا کسی بھی ملک پر اثر پڑتا تو پھر بہت کچھ ہوجاتا، پاک امریکا تعلقات کا فروغ اور معاشی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنا میری کی اولین ترجیح ہے جس پر کام جاری ہے، امریکا میں موجود پاکستانی کمیونٹی وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہے جن کیساتھ ملکر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی