i پاکستان

امید ہے چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے،رئوف حسنتازترین

February 22, 2025

پی ٹی آئی رہنما رئوف حسن نے کہا ہے کہ امید ہے چیف جسٹس سے ملاقات کے بعد انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے،ہم نے چیف جسٹس کے سامنے جوڈیشل کمیشن بنانے کا بھی معاملہ رکھا ہے، چیف جسٹس کو بتایا کہ 26ویں ترمیم کے بعد مسائل مزید گھمبیر ہوتے نظر آرہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی وفد نے تمام قانونی مسائل چیف جسٹس کے سامنے رکھے ہیں، چیف جسٹس کے سامنے مقدمات کو اس لئے رکھا کہ چیف جسٹس کو آگاہی ہونی چاہیئے ، ہمارے لوگ ڈیڑھ ڈیڑھ سالوں سے جیلوں میں ہیں، لوگوں کو پکڑا جارہا ہے، آئینی قانونی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے، عمران خان کو جس طرح اڈیالہ میں رکھا گیا ہے، یہ ضروری تھا کہ چیف جسٹس کو سب معلوم ہونا چاہئے، اور وہ انصاف کے تقاضے پورے کریں گے کیونکہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہورہے۔رئوف حسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف کچھ ٹائوٹس کو چھوڑا گیا ہے جو پارٹی کے چاچے مامے بنے ہوئے ہیں

شیر افضل مروت سمیت ایک دو لوگ چھوڑے گئے ہیں، ان کو میڈیا روزانہ لے کر بیٹھ جاتا ہے، ان کو اسپیس کے پیچھے بھی کسی کا ہاتھ ہے، ان ٹائوٹس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔میرا پارٹی سے تنخواہ لینے کا الزام جھوٹ ہے۔ فواد چودھری جب پیپلزپارٹی ، ق لیگ میں تھے تو کیا نظریاتی تھے؟یہ نظریاتی لفظ کی توہین کرتے ہیں۔ان کی کیا حیثیت ہے، یہ بکتے ہیں، جب کشتی ہچکولے کھاتی ہے یہ جمپ کرجاتے ہیں، جون 2023 کو فواد چودھری کو پی ٹی آئی سے فارغ کردیا گیا تھا، پھر جب یہ دوسری جماعت میں گئے تو وہاں بھی ان کی تصویر سب نے دیکھی ہوئی ہے، عمران خان نے کبھی فواد چودھری کو ملاقات کیلئے نہیں بلایا ، جب عدالت لگتی ہے تو یہ بھی مقدمے میں نامزد ہیں، اس لئے یہ بھی عدالت میں جاتے ہیں، یہ رینگ رینگ کرجاتے اور عمران خان سے دو تین منٹ کی بات کرتے، اب کیا عمران خان اعلان کردیں کہ میرا کوئی تعلق نہیں؟۔انہوں نے کہا شیر افضل کو پہلے بھی شوکاز جاری کئے گئے اب نکال دیا گیا۔ میں کسی الزام کا جواب نہیں دینا چاہتا، پارٹی میں ان تمام مراحل سے گزر چکا ہوں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی