پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ایک جماعت کے بغض میں جانبدارانہ اقدامات سے خود کو بے وقعت کر لیا ہے۔ جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ظلم و جبر نے تحریک انصاف کو کندن بنا دیا، عمران خان کی مقبولیت کا گراف مزید اوپر جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے گرفتاریاں ان کا آخری حربہ ہے اس لئے از خود جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے، ہر طرح کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف ثابت قدم ہے۔ مسرت جمشید چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ ایسا بدترین ظلم اور جبر تو مارشل لا کے ادوار میں بھی نہیں ہوا جو آج کیا جا رہا ہے، مظالم سے ثابت ہوگیا کہ جمہوریت کے لبادے میں آج بد ترین آمریت مسلط ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی