i پاکستان

ایم کیوایم رہنمائوں کی پیپلزپارٹی مخالف پریس کانفرنس جھوٹ کے پلندہ کے سوا کچھ نہیں،بیرسٹرمرتضی وہابتازترین

January 31, 2025

ترجمان بلاول بھٹوزرداری بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہا کہ ایم کیوایم رہنمائوں کی پیپلزپارٹی مخالف پریس کانفرنس جھوٹ کے پلندہ کے سوا کچھ نہیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے ایم کیو ایم رہنمائوں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ ایم کیوایم رہنما آپس کے اختلافات کی وجہ سے اضطراب کا شکار ہیں، ایم کیو ایم رہنما آپسی اختلافات کا غصہ کسی اور پرنکال رہے ہیں۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر ایم کیو ایم رہنماں کو اپنا داغدارماضی یاد آجاتا ہے، ایم کیو ایم کا ماضی بوری بند لاشوں اور بھتہ خوری سے مزین ہے، ایم کیو ایم والوں کو کراچی کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ جتنے بھی روڑے اٹکا لیں ہم شہر کراچی کی رونقیں بحال کرکے دم لیں گے، یہ سیاسی یتیم کراچی کے شہریوں کے دھتکارے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم رہنما اچھی طرح جانتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سمیت سندھ کا ہر باشندہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑا ہے۔دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کی بوکھلاہٹ کی وجہ تاجروں کا بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، کراچی کے عوام کی حمایت ایم کیو ایم کے ہاتھوں سے پھسل چکی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی