پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ اداروں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے،ادارے دو سال قبل ازوقت انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں،پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتیں فوری انتخابات چاہتی ہیں،صوابی جلسے میں توقعات کے مطابق لوگ آئے، ہمیں نمبر گنوانے کی ضرورت نہیں ۔پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ صوابی میں ہونے والے جلسے سے مطمئن ہیں، کسی کو نمبر گنوانے کی ضرورت نہیں ، سوشل میڈیا کا دور ہے سب نے دیکھا کتنے لوگ تھے۔ صوابی میں کامیاب جلسے پر بانی پی ٹی آئی کو خوشی ہوئی ۔انہوں نے مزید کہا کہ خیال تھا کسی نے فنڈز کی کمی کا کہا ہوگا، فنڈز کا رونا رونے والوں کو دکان کھولنی چاہیے ، کسی کو گاڑیاں پہلے دی ہیں نہ آئندہ دیں گے، سزا و جزا کا اختیار میرے پاس نہیں، آئندہ کیلئے ایسے لوگوں کا راستہ روکوں گا جو محنت نہیں کرتے ۔ دریں اثنا اپنے ایک بیان میں جنید اکبر نے کہا کہ اداروں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے دو سال بعد قبل از وقت انتخابات کرانے کے لیے تیار ہیں جبکہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتیں فوری انتخابات چاہتی ہیں۔جنید اکبر نے مزید کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، بانی چیئرمین کے ہاں اختلافات کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ صوابی جلسے میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے گئے اور کارکنوں کو جلسے میں لانے کے لیے کسی کو پیسے نہیں دئیے گئے۔یادرہے گزشتہ روز چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میں اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ختم ہونے کا اعتراف کیا تھا ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی