i پاکستان

آئی ایم ایف کی سخت شرائط' گیس 50 فیصد اور بجلی 4 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگیتازترین

July 03, 2023

پاکستان کو آئندہ مالی سال کے لیے 12 جولائی کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل گیس کی قیمت فروخت میں 45 تا 50 فیصد اور بجلی کے نرخ میں ساڑھے تین سے چار روپے فی یونٹ تک اضافہ کرنا ہوگا۔ ایک ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ اضافہ اسٹاف سطح پر آئی ایم ایف سے متفقہ تین ارب ڈالرز کے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کی راہ ہموار کرے گا۔ اوگرا نے گزشتہ 2 جون کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائن(ایس این جی پی ایل)کے صارفین کے لیے قیمت میں 50 فیصد اضافے 415 روپے 11 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کا اعلان کیا تھا جس سے قیمت بڑھ کر 1238.68روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی جب کہ سوئی سدرن گیس (ایس ایس جی سی ایل) کے صارفین کے لیے قیمت میں 45 فیصد اضافہ417.23فی ایم ایم بی ٹی یو طے کیا گیا۔ تاہم حکومت کی جانب سے اس اضافے کی توثیق ابھی باقی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کا رواں مالی سال کے لیے ٹیرف میں مناسب اضافے پر نیپرا کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا اعلان جلدمتوقع ہے۔ نیپرا نے بنیادی ٹیرف 24.80 روپے فی یونٹ مقرر کیاتھا، اگر اس میں مطلوبہ اضافہ شامل کرلیا جائے تو آئندہ مالی سال کے اختتام تک ٹیرف 29 روپے فی یونٹ ہوجائے گا-

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی