i پاکستان

عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، شیخ وقاص اکرمتازترین

March 03, 2025

تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل کے ڈیتھ سیل میں قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، عدالتی حکم کے باوجود عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی کو ایسے سیل میں رکھا گیا ہے جہاں دہشتگردوں کو رکھا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی مضبوط اعصاب کے مالک ہیں وہ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ٹوٹ نہیں سکتے، پی ٹی آئی قیادت کوجھوٹے مقدمات میں جیلوں میں رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو یہ کسی صورت برداشت نہیں ، بانی سے 6 ماہ میں صرف ایک بار سیاسی ملاقات رکھی گئی ہے، ملاقاتیں عدالتی حکم کے مطابق رکھی جاتی تھیں، فیصلہ ہوا تھا 6 لوگ بانی کو ریگولر ملیں گے، عدالتی آرڈرز کی خلاف ورزی کی گئی،ہم کئی بار عدالت بھی جاچکے ہیں، قیدی کو اپنے وکلا،رفقا اورخاندان کے لوگوں سے ملنے کا حق قانون دیتا ہے، عدالتی احکامات ہوا میں اڑائے جارہے ہیں۔ شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ ہم قانون کی حدود میں رہتے ہوئے اپنا حق مانگنا چاہتے ہیں، پچھلی بار وکلا کو بھی 2 کلومیٹر دور روک لیا گیا،ملاقات کیلئے نہیں جانے دیا گیا، وکلا اپنے اہم کیسز چھوڑ کر اڈیالہ آتے ہیں ان کو ملنے نہیں دیا جاتا، عدالتی احکامات ہوا میں اڑائے جارہے ہیں، عدالتوں کو اپنے احکامات کی پاسداری یقینی بنانی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک سابق وزیراعظم گزرے ہیں ان کوملاقاتوں کیلئے مرضی کے ہال مہیا تھے بانی سے اہلیہ کی ملاقاتیں بھی 2 بار کینسل کی گئیں، عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی پر شدید تشویش ہے، حکومت بانی سے ملاقاتوں پر پابندی لگا کر کیا حاصل کرنا چاہتی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کو صرف مخصوص وکلا سے ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے، جبکہ اخبارات تک روک لیے جاتے ہیں، جنہیں عدالت کے ذریعے بحال کروایا جاتا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ چھ ماہ میں صرف چار بار ان کے بچوں سے بات کروائی گئی، اور کہا کہ پنجاب حکومت یہ سب کر کے کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے قانونی دستخط لینے میں بھی دشواری کا سامنا ہے، جو عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اگر اس معاملے میں عدالت کے احکامات نظر انداز کیے جا رہے ہیں تو بڑے معاملات پر کیسے عمل درآمد ہوگا؟انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ تو ہوتا ہے، لیکن ہم عدالت سے درخواست کریں گے کہ ان کا طبی معائنہ مزید تسلسل سے اور ان کے ذاتی معالج کے ذریعے کیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی کوئی خصوصی رعایت نہیں مانگ رہے، بلکہ قیدی کے بنیادی حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن ان پر صرف دبا ئوڈالنے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس پر ہم دوبارہ ہائیکورٹ سے رجوع کر چکے ہیں، لیکن معاملات سست روی کا شکار ہیں۔ یہاں تک کہ وزیر اعلی کو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اور پاکستان کے سینئر وکلا کو بھی ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ ہمارے دور میں احساس پروگرام کے تحت 15 ہزار روپے دیے جاتے تھے، لیکن آج پانچ گنا زیادہ مہنگائی کے باوجود حکومت کے پاس اپنی تشہیر کے لیے اربوں روپے ہیں۔ رمضان پیکج پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کا رمضان پیکج ایک مذاق بن چکا ہے، جس کا فائدہ عام عوام کو نہیں ہو رہا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی