i پاکستان

اے این ایف کی ملک گیرکارروائیوں میں 11ملزمان گرفتار،2 کروڑ سے زائد مالیت کی 88 کلومنشیات برآمدتازترین

February 22, 2025

اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف )نے ملک بھر میں مختلف کارروائیوں میں11ملزمان کو گرفتار کرکے 88 کلومنشیات برآمد کر لی ۔ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 2 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 88 کلو منشیات برآمد کرکے 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ جامشورو میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 5 کلو افیون برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔جوہر ٹائون لاہور میں کارروائی کے دوران 3 گاڑیوں اور گھر سے 30 کلو افیون اور 18 کلو چرس برآمد کر کے 5 ملزمان کو گرفتارکیا گیا۔ کاک پل ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 15.6کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتارکیا گیا۔ ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 6 کلو ہیروئن برآمد کرکے ملزم کو گرفتارکیا گیا۔

ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب مسافر بس میں سوار ملزم سے 1 کلو ہیروئن اور 430 گرام آئس برآمد ہوئی۔رنگ روڈ پشاور پر موٹر وے پل کے قریب 2 ملزمان کو گرفتار کرکے گاڑی سے 12 کلو چرس برآمد کر لی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب نصیر آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران منشیات ڈیلر کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے کی 12 کلو چرس اور 3 کلو افیون برآمد کر لی۔ منشیات فروش کو نصیر آباد نواز شریف کالونی سے حراست میں لیا گیا۔ دوران سرچ آپریشن شخص کو مشکوک جان کر چیک کیا گیا۔ منشیات فروش نے اپنے سامان والے بیگ میں منشیات چھپا رکھی تھی۔ایس پی ماڈل ٹا ئون کے مطابق ملزم ضلع قصور کا رہائشی ہے اور آرڈر پر منشیات سپلائی کرنے آیا تھا۔ ملزم امجد کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش جاری ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف اسپیشل کریک ڈائون جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی