اے این ایف کی انسداد اسمگلنگ کیلئے ملک گیر9 کارروائیوں میں 10ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، اس دوران 9 کاروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ سے زائد مالیت کی 12.636 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی۔ کراچی میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 500 گرام چرس برآمد کرلی گئی، جس نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2مختلف کارروائیوں میں مسقط جانے والے 2غیر ملکی باشندوں کے پیٹ سے 69 کوکین بھرے کیپسولز برآمد کرلیے۔ اسی طرح کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے 570 گرام آئس برآمد کی گئی۔
ادھر لاہور میں کیولری گراونڈ مسعود انواری روڈ لاہور کے قریب گاڑی سے 2.1 کلو آئس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں رنگ روڈ پشاور پر ملزم کے قبضے سے ایک کلو آئس برآمد کی گئی۔ رنگ روڈ پشاور ہی پر شاپنگ مال کے قریب کار سے 4 کلو ہیروئن برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔دوسری جانب شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 3.120 گرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ادھر ڈیفنس روڈ لاہور کے قریب غیر ملکی باشندے کے ذاتی قبضے سے 20 گرام کوکین برآمد کی گئی۔تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔لاہور میں شفیق آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات کی ترسیل ناکام بناتے ہوئے 2 خواتین کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے 10 کلو کے قریب منشیات برآمد کی گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی