اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) کی ملک گیر کارروائیوں میں 9 ملزمان کو گرفتار کرکے 33 لاکھ روپے مالیت سے زیادہ کی 199.724 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئی ۔ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 1 کلو گرام آئس برآمد کر لی گئی۔ کراچی سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے ایک کلو آئس جبکہ راولپنڈی میں کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے گئے پارسل سے 24 گرام ویڈ برآمد ہوئی۔ ادھر حیدر آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 1.2 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ قائد آباد کراچی کے قریب 1.5 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا۔
بلوچستان میں کوسٹل لائن پسنی گوادر کے غیر آباد علاقے سے 52 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ غزہ بند روڈ کوئٹہ کے قریب 2 موٹر سائیکل سواروں کے قبضے سے 48 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ خیزی چوک کوئٹہ کے قریب گاڑی سے 7 کلو گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملزم کو گرفتارکیا گیا۔ سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 39.6 کلو گرام چرس اور 5 کلو گرام آئس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا۔ حب ریور روڈ کراچی کے قریب گاڑی سے 38.4 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتارکیا گیا۔ جی ٹی روڈ سوہاوہ جہلم پر ترکی ٹول پلازہ کے قریب گاڑی میں 6 کلو گرام چرس چھپا کر لے جانے والے ملزم کو گرفتارکیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی