i پاکستان

9 مئی کیس، ایم این اے لطیف چترالی بھی نااہل، عمر ایوب سے جواب طلبتازترین

July 30, 2025

الیکشن کمیشن نے9 مئی کے کیس میں سزایافتہ پی ٹی آئی کے ایک اور رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی کو نااہل قرار دیتے ہوئے انکی نشست خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5رکنی کمیشن نے عبداللطیف چترالی کی نااہلی کے کیس پر سماعت کی، انکے وکیل کمیشن میں پیش ہوئے۔ممبر خیبر پختوانخوا نے کہا کہ آئین میں واضح ہے کہ دوسال سے زائد سزا پرممبر نااہل ہوگا، ڈی جی لا کمیشن نے کہا کہ کمیشن کو سزایافتہ کیخلاف درخواستیں سننے کی ضرورت نہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپکا مطلب ہے انکے خلاف ریفرنس یا درخواست سننے کی ضرورت نہیں؟ کمیشن کو موصول شدہ فیصلے پر عملدرآمد کرنا ہے۔ عبداللطیف چترالی کے وکیل نے کہا کہ اگر ایسا ہوتا تو آئین نوے دن کا وقت ہی نہ دیتا، کمیشن نے چیک کرنا ہے کہ کیا میں آرٹیکل63جی اور ایچ میں آتا بھی ہوں یا نہیں، عبداللطیف کے شریک ملزمان کی حد تک فیصلہ کالعدم ہو چکا ہے۔رکن خیبرپختونخوا نے کہا کہ عبداللطیف چترالی اشتہاری ہیں، کیا آپ اشتہاری کی جانب سے جواب جمع کرانے کے مجاز ہیں؟ وکیل نے کہا کہ انہیں ہائیکورٹ سے عبوری ریلیف مل چکا ہے۔

رکن الیکشن کمیشن کے پی نے کہا کہ کہاں ہے وہ ہائیکورٹ کا آرڈر؟ کس دن عبوری ریلیف ملا بتا دیں، ہم منگوا لیتے ہیں۔وکیل نے کہا کہ موقع دیا جائے، جواب جمع کرا دوں گا، ممبر پنجاب نے کہا کہ آئین نے کمیشن کو پاور دی ہے کہ وہ سپیکرریفرنس پر فیصلہ کرے، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کچھ دیر کیلئے محفوظ کیا ، بعدازاں عبداللطیف چترالی کی درخواست مسترد کرکے این اے 1 چترال کی نشست خالی قرار دے دی۔اے پی پی کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کے خلاف سالانہ گوشواروں سے متعلق کیس کی سماعت 5اگست تک ملتوی کرتے ہوئے ان سے نوٹس کا جواب طلب کر لیا۔عمر ایوب خان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ عمر ایوب کے وکیل نے پشاور ہائیکورٹ میں جھوٹ بولا۔ دریں اثنا پی ٹی آئی کے نااہل اراکین احمد بچھر، احمد چٹھہ، اعجاز چوہدری اور میاں اظہر مرحوم کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا، این اے 66 وزیر آباد، پی پی 87 میانوالی اور این اے 129 لاہور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ 18 ستمبر کو ہوگی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی