پی ٹی آئی نے 14 اگست کو شاہدرہ میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس خالد اسحاق کے مطابق درخواست کے قابل سماعت ہونے کے متعلق جوڈیشل سائیڈ پر دیکھا جائے گا،جسٹس خالد اسحاق نے پی ٹی آئی کے اکمل خان کی درخواست پر بطور اعتراض کیس سماعت کی،پی ٹی آئی کے اکمل خان نے 14 اگست کو رزاق اسٹیڈیم شاہدرہ میں PTI کنونشن کی اجازت کے لئے درخواست دائر کی۔پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا،درخواست گزار کی جانب سے خرم لطیف کھوسہ پیش ہوئے،رجسٹرار آفس نے درخواست گزارکے داد رسی کمیشن سے رجوع نہ کرنے کا اعتراض عائد کیا تھا،رجسٹرار آفس نے درخواست گزار کی پہلے سے درخواستوں کا موجودہ پٹیشن میں ذکر نہ کرنے کابھی اعتراض لگایا تھا،اس کے علاوہ رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست گزار کی جانب سے پٹیشن کے ساتھ سابقہ آرڈر کی کاپی نہ لگانے کا بھی اعتراض عائد کیا تھا۔ درخواست میں موقف اختیارکیاگیاہے کہ 14 اگست کو شاہدرہ میں پی ٹی آئی کا جلسہ کرنے کے لئے ڈی سی کو درخواست دی ہے لیکن ڈی سی نے ابھی تک جلسہ کے لئے دی گئی درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ،درخواست میں استدعاکی گئی ہے کہ عدالت ڈی سی کو چودہ اگست کو جلسہ کے لئے دی گئی زیرالتوا درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی