i بین اقوامی

سعودی کابینہ کا فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے کوششوں کا اعادہتازترین

July 03, 2024

سعودی کا بینہ نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے سیاسی اور انسانی بنیادوں پر اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر مملکت کی انتھک کوششوں کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی غزہ میں جنگ بندی پر زور دے رہے ہیں تاکہ تنازع کو ختم کیا جا سکے اور فلسطینی علاقے میں رہنے والے 20 لاکھ سے زائد افراد کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔عرب میڈیا کے مطابق کابینہ کا اجلاس ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت جدہ میں ہوا جس میں ممکت کے الشرقیہ ریجن اور ربع خالی میں تیل اور گیس کے سات ذخائر کی دریافت کا خیرمقدم کیا گیا ۔ سعودی آرامکو نے الشرقیہ ریجن میں دو غیر روایتی آئل فیلڈز اور ایک ذخیرہ، جبکہ ربع الخالی میں قدرتی گیس کی دو فیلڈز اور دو ذخائر دریافت کیے ہیں۔کابینہ نے کہا کہ الجافورہ گیس فیلڈ کی ترقی کے دوسرے مرحلے اور ماسڑ گیس سسٹم کی توسیع کے تیسرے مرحلے کے لیے ٹھیکے دینا ترقی اور اقتصادی تنوع کی مسلسل کوششوں میں آتا ہے اور توانائی کی عالمی مارکیٹ میں مملکت کی قیادت کی پوزیشن کو مضبوط کرتا ہے۔کابینہ نے مملکت میں قابل تجدید توانائی کے لیے جغرافیائی سروے کے آغاز کا ذکر کیا جو دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ سمجھاجاتا ہے اور یہ قابل تجدید توانائی کی پیداوار میں قومی اہداف کے حصول کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔یہ بجلی پیدا کرنے کے لیے بہترین انرجی مکس تک پہنچنے، برقی توانائی برآمد کرنے اور صاف ہائیڈروجن پیدا کرنے کی طرف مملکت کے رجحان کی سپورٹ میں معاون ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی